انگلش اوپنرز کا انتہائی اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار آغاز

    ڈرہم: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی میزبان ٹیم انگلینڈ کی انتہائی اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ جاری ہے ۔

    ڈرہم کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں آج کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا۔

    دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور 15 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے، جیسن روئے نے مسلسل دوسرے میچ میں 6 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

    جونی بیرسٹو نے بھی 46 گیندوں پر 50 کا ہندسہ عبور کیا جس میں 9 چوکے بھی شامل تھے۔

    ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے اور مزید 2 ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے۔

    انگلش ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ کیویز ٹیم میں ٹم ساؤتھی اور میٹ ہینری کی واپسی ہوئی ہے۔

    گزشتہ 5 ورلڈکپ مقابلوں کا جائزہ لیا جائے تو دونوں ٹیمیں 5 بار مدمقابل آئیں اور پانچوں مرتبہ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دی۔

    انگلینڈ اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ٹیموں کو شکست کی صورت میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کے میچ پر انحصار کرنا ہوگا جب کہ لازمی فتح کے علاوہ پاکستان کا فائنل فور میں جانے کا دار و مدار نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ پر بھی ہے۔