کنگنا رناوت مداح کی حادثاتی موت پر غمزدہ

بھارت کی مقبول اداکارہ کنگنا رناوت اپنی مداح کی اچانک موت پر افسردہ ہیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر ڈاکٹر دیپا شرما نامی لڑکی کی موت کی خبر شیئر کی جو کہ بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے دوران دنیا سے چل بسی۔

کنگنا نے اسٹوری میں لکھا کہ یہ ایک بہترین مداح تھی، مجھے پیارے سے خطوط بھیجا کرتی تھی، یہ جب میرے منالی والے گھر میں آئی تھی تو بہت سے تحائف اور مٹھائی ساتھ لائی تھی، اس کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔

اپنی اگلی اسٹوری میں کنگنا نے کہا کہ مجھے اب تک یاد ہے میں اپنی فلم مانیکارنیکا کی شوٹنگ کیلئے جے پور میں تھی، بہت سے مداح میرے ہوٹل کی لابی میں میرے انتظار میں تھے، میں نے اس بھیڑ کی جانب کوئی توجہ نہیں دی لیکن دیپا نے مجھے دیکھ لیا تھا۔

کنگنا نے مزید لکھا کہ وہ دوڑتی اور چیختی ہوئی میرے پاس آئی اور مجھے گلے لگا لیا۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ میں اور دیپا تب سے ہی ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں تھے اور آج یہ انتہائی افسوسناک خبر سننے کو مل گئی۔