کراچی: لاک ڈاؤن کے باوجود شادی کی تقریب، ہوائی فائرنگ سے 3 افراد زخمی

کراچی: لاک ڈاؤن کے باوجود لانڈھی شرافی گوٹھ میں شادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ہوائی فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق لانڈھی شرافی گوٹھ فیوچر کالونی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت 12 سالہ احمد علی، 10 سالہ ولی شاہ  اور 33 سالہ  فیصل کے نام سے ہوئی۔

زخمی فیصل نے ویڈیو بیان میں جیو نیوز کو بتایا کہ شادی کی تقریب گلی میں کی جارہی تھی جس کی اجازت پولیس نے دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں کسی نے ہوائی فائرنگ کی جس سے وہ اور 2 بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے خول تحویل میں لے کر گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں جب کہ ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کی تلاش کی جارہی ہے۔