پی ٹی آئی کا سندھ میں اپنے باغی اراکین کیخلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنےکا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  نے سندھ اسمبلی میں اپنے باغی اراکین اسلم ابڑو اور شہریار شر کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ نہ دینے والے دو اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ دونوں اراکین نے اپنا ووٹ حکومتی جماعت کو بیچا اور پارٹی کی واضح ہدایت کے باوجود بھی پی ٹی آئی کا فیصلہ نہ مانا، دونوں اراکین پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر منتخب ہوئے، انہیں نااہل کرواکر ضمنی انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

 ساتھ ہی سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بلال غفار نے بھی اسپیکر سندھ اسمبلی کو خط لکھا  ہے جس میں میں اسلم ابڑو کو حکومتی نشستوں پر بٹھانے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔