پی ایس ایل 6 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع، لاہور میں تشہیری مہم کی رنگا رنگ تقریب

لاہور کے لبرٹی گول چکرپر پی ایس ایل کی تشہیری مہم کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چاروں جانب سنہری روشنیوں نے رات میں دن کا سماں پیدا کرکے تقریب کو شاندار بنا دیا۔

اس موقع پر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ کورونا کے حالات میں کرکٹ کی واپسی پرپاکستانی قوم اور کرکٹ کے متوالے مبارکباد کے مستحق ہیں اور یہ ہمارے لیے قابل فخر لمحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچز میں 20 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت ہوگی۔

 تقریب میں پی ایس ایل کی ڈمی ٹرافی کی نقاب کشائی بھی کی گئی اور آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی ہوا، تقریب میں پی ایس ایل کا اس سال کا نغمہ بھی فضا میں گونجتا رہا۔

 واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا سپر میلہ 20فرروی سے کراچی جب کہ 8 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔