نیوسعیدآباد رپورٹ (محبوب علی کاکا)

ضلعی انتظامیہ مٹیاری کی جانب سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو رلیف دینے کے لئے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں تینوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایات دیں گئیں کہ وہ بابرکت مہینے کے دوران غریب عوام کو ہر ممکن رلیف دلوائیں اور رمضان المبارک کے دوران ضلع بھر میں بچت بازاریں قائم کریں۔ رمضان المبارک کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید مرتضیٰ علی شاہ کی زیر صدارت پرائیس کنٹرول اور احترام رمضان آرڈیننس سے متعلق ہونے والے اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالمجید زہرانی، اسسٹنٹ کمشنر ہالا عبدالفتاح پنہور کے علاوہ متعلقہ افسران سمیت مارکیٹ کمیٹی کے نمائندوں اور بیوپاریوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کو فعال کرکے رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی روزانہ لسٹ جاری کروائی جائے اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ غریب عوام کو رلیف مل سکے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے تینوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو عام استعمال کی اشیاء کی مقررہ ریٹس پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے بازاروں کے دورے کرنے، ذخیرہ کرنے والے بیوپاریوں کے خلاف کارروائی کرنے، کرونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے کو یقینی بنانے اور بازاروں میں ہجوم جمع نہ ہونے سے متعلق ہدایات جاری کیں۔