نیوسعیدآباد رپورٹ (محبوب علی کاکا)

ضلع مٹیاری میں 23 مارچ کا دن روایتی جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام انتظامات کو فوری طور پر مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کرونا ایس او پیز پر خاص عمل کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید مرتضی علی شاہ نے 23 مارچ کے پروگرامز کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس کے کاؤنسل ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آصف احمد بگھیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون فاروق احمد لغاری، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹیلیجنس بیورو عطا محمد چانگ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یار محمد کھوسو، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالمجید زہرانی، اسسٹنٹ کمشنر ہالا عبدالفتاح پنہور سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے تمام اعلی حکام کو ہدایت کی کہ وہ 23 مارچ کے حوالے سے ضلع بھر کی سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے دفاتروں پر قومی پرچم لگا کر برقی قمقموں سے چراغاں کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید مرتضی علی شاہ نے اجلاس میں موجود محکمہ تعلیم کے افسران، این جی اوز اور تمام سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ 23 مارچ کے سلسلے میں خصوصی پروگرامز منعقد کروائیں۔ انہوں نے تینوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز اور ٹاؤن افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علائقوں میں 23 مارچ کے پروگرامز کے انتظامات کو مکمل رکھیں اور ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے کام کی خود نگرانی کریں۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے مزید کہا کہ ہماری پوری قوم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کو شکست دی ہے، کافی عرصے کے بعد 23 مارچ کا دن شاندار انداز میں منایا جارہا ہے جس کی افادیت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اسکول کے طلباء و طالبات کے درمیان، تقاریر، قومی و ملی نغموں اور کوئیز کے مقابلے منعقد کرائے جائیں۔