نوشہروفیروز (نامہ نگار)

ووٹرز کے قومی دن 07 دسمبر کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفیس نوشہروفیروز میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اظہر حسین ٹانوری کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر سال 7 دسمبر کو ووٹرز کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔مگر اس سال کورونا وائرس کے باعث یہ پروگرام چھوٹے پیمانے منایا جارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں رجسٹر ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ، 54 ہزار، 715 ہے جس میں سے 4 لاکھ 70 ہزار 574 مرد اور 3 لاکھ، 84 ہزار، 141 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ووٹرز کی تعداد مروں سے 10 فیصد کم ہیں۔ انہوں نےڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران کو اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے حلقہ اثر میں خواتین ووٹرز کے اندراج کے لئے اپنا فعال کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان جن کی عمر 18 سال ہوجائے وہ فوراً قومی شناختی کارڈ بنوائیں اور اپنا ووٹ اپنے موجودہ یا مستقل پتے پر درج کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے نوجوان اپنی سیاسی قیادت کو تبدیل کرسکتے ہیں اور اپنے پسندیدہ نمائندوں کو منتخب کراکر قومی و صوبائی اسمبلی میں بجھواسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹ کے اندراج، منتقلی کا عمل جاری ہے ضلع بھر کے شہری اور نوجوان اپنے ووٹ کے درست اندراج کو چیک کریں اور اپنا ووٹ داخل کراکر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔اس موقع پر نادرہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زون عابد حسین ٹانوری،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈر ی نور احمد سولنگی ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد سلیم خانزادہ کے علاوہ ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے ارکان شہربانو، غلام مرتضیٰ آرائیں اور دیگر موجود تھے۔