‘میچ فکسنگ’ میں ملوث امارات کے کرکٹرز کو سزا سنا دی گئی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای)نے کرکٹ میں بدعنونی کے الزام میں اپنے دو کھلاڑیوں پر 8 سال کے لیے کرکٹ کے دروازے بند کر دیے۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے یو اے ای کے سابق کپتان محمد نوید اور شیمان انور کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا تھا جس کے بعد اب ان دونوں پر 8، 8 کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سزا کی مدت 16 اکتوبر 2019 سے شمار ہوگی جب آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر کے میچز میں کرپشن کی کوشش کی تھی۔

ٹربیونل نے نوید اور شیمان کو آرٹیکل 2.1.1 اور 2.4.4 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا، جس کے تحت دونوں ورلڈ کپ کوالیفائر 2019 کے نتائج پر اثر انداز ہونے، رپورٹ نہ کرنے اور تحقیقات میں تعاون نہ کرنے میں ملوث پائے گئے۔

نوید کو متحدہ عرب امارات کے بھی اینٹی کرپشن کوڈ کی 2 شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، انہوں نے یواے ای میں 2019 میں کھیلی گئی ٹی 10 لیگ میں بھی کرپشن کی کوشش کی تھی۔