WordPress database error: [Table 'db821282199.YhPGeuvMupviews' doesn't exist]
SELECT * FROM YhPGeuvMupviews WHERE user_ip = '35.172.136.29' AND post_id = '2008'

WordPress database error: [Table 'db821282199.YhPGeuvMupviews' doesn't exist]
SHOW FULL COLUMNS FROM `YhPGeuvMupviews`

لائیو: پولیس کیپٹن صفدر کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے سٹی کورٹ لیکر روانہ

کراچی: پولیس نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا جنہیں عدالت میں پیش کرنے کے لیے لے جایا جارہا ہے۔

پولیس نے عزیز بھٹی تھانے سے عدالت لے جانے کے لیے کیپٹن (ر) صفدر کو بکتر بند میں بٹھایا تو اس موقع پر ن لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے بکتر بند کو گھیرے میں لے لیا۔

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جس نے بکتر بند گاڑی کو کارکنان کے درمیان سے نکالنے کے لیے کارکنان کو پیچھے دھکیلا جس کے بعد پولیس کیپٹن صفدر کو لے کر روانہ ہوگئی۔

سٹی کورٹ میں سکیورٹی سخت

سٹی کورٹ میں کیپٹن (ر) صفدر کی پیشی کے سلسلے میں پولیس کی بھاری نفری سٹی کورٹ میں تعینات کی گئی جب کہ پیشی سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ایک یونٹ نے بھی سٹی کورٹ کا مکمل معائنہ کیا اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کی۔

کیپٹن صفدر نجی ہوٹل سے گرفتار

اس سے قبل پولیس نے علی الصبح محمد صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیا اور انہیں مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے۔

تھانہ بریگیڈ کی پولیس نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہےکہ شہر وقاص کی مدعیت میں درج مقدمے میں 200 افراد شامل ہیں جب کہ مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج کورٹ میں پیش کرنے کافیصلہ ابھی نہیں ہوا اور ان کی منتقلی کی جگہ سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتاسکتے۔

پولیس حکام کے مطابق کیپٹن صفدر سے تفتیش کے بعد ہی انہیں کورٹ میں پیش کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز کراچی پہنچی تھیں جہاں مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگوائے تھے جس کے بعد وفاقی وزرا نے اس اقدام پر مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اس معاملے پر مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے پہنچے تھے تاہم ایک شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں