علی عمران کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی: کراچی پولیس چیف

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا ہےکہ جیونیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران  کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے غلام نبی میمن نے کہا کہ  علی عمران کی گمشدگی کے معاملے پر پولیس کام کررہی ہے اور ان کے لاپتا ہونے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے تیار ہیں، ان کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی کا کہنا ہےکہ علی عمران کے لاپتا ہونےکی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں گردونواح کی سی سی ٹی وی ویڈیو لینےکی کوشش کی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ گزشتہ رات ایس ایچ او نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا اور پولیس ٹیم نے علی عمران کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

واضح رہےکہ جیونیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید 23 اکتوبر کی رات کو لاپتا ہوئے اور اب تک ان کا کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔