صبور علی سسرال میں کس چیز سے خوفزدہ ہیں؟

اداکارہ صبور علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے سسرال میں پالتو کتے بلیاں بہت زیادہ ہیں جن سے وہ خوفزدہ ہوجاتی ہیں۔

صبور علی کا ایک ویڈیو کِلپ انسٹاگرام پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ منیب بٹ کے ہمراہ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہیں۔

اداکارہ نے اپنے ڈر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس گھر میں جانا ہے وہاں کتے بلیاں بہت زیادہ ہیں اور یہ میرے لیے ایک ٹاسک تھا، میرا ڈر تھوڑا سا کم ہوا ہے لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، اب میں انہیں پکڑ لیتی ہوں۔

صبور نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر مجھے بکروں سے بھی بہت ڈر لگتا ہے، ہمارے گھر آتا ہے تو میں اسے ہٹواکر باہر نکلتی ہوں، مجھے بچپن سے ہی جانوروں سے خوف آتا تھا۔

خیال رہے کہ اداکارہ صبور علی کی رواں برس مئی میں اداکار علی انصاری سے بات پکی ہوئی تھی۔