سکھر ( رپورٹ۔امداد علی گل کلوڑ )

سکھر ( رپورٹ۔امداد علی گل کلوڑ ) میلاد مصطفےٰ کمیٹی کے بانی و چیئرمین غیاث الدین قادری نے کہا ہے کہ ذکر مصطفی کرنا ہمارا مشن ہے کسی بھی خوف میں مبتلا ہوکر گھر نہیں بیٹھیں گے کورونا پھیلنے کی افواہیں جشن عید میلاد النبی منانے سے نہیں روک سکتیں، ہر حال میں 12 ربیع الاول کو جلسے جلوس ریلیاں نکالی جائیں گی محافل نعت بھی ہونگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سکھر میلاد کونسل کی جانب سے مسلم ہال میں منعقدہ محفل میلاد مصطفےٰ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شکیل احمد صدیقی، عبدالرشید اجمیری، عارف قادری، سید فراز شاہ، ضیا رضا قادری، حمزہ قادری، خرم غوری اور دیگر بھی موجود تھے۔ غیاث الدین قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان شمع رسالت کے پروانوں کی سرزمین ہے مصطفی جان رحمت کی عظمت کے تحفظ اور فکر امام احمد رضا کی روشنی میں وطن عزیز پاکستان میں نظام مصطفی کے نفاذ کی جدوجہد جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ غلامان مصطفےٰ اپنے پیارے آقا کا جشن ولادت بھرپور انداز سے منائیں گے دہشتگردی کے واقعات ٹارگٹ کلنگ اور ناگفتہ بہ صورتحال سے کسی صورت خوف زدہ نہیں ہونگے، ہمارے دلوں سے جذبہ عشق رسول کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والے خود مٹ جائیں گے انہوں نے کہا کہ سکھرشہر میں ہرطرف ابھی سے سبز پرچموں کی بہار ہے خوبصورت چراغاں جاری ہے محافل میلاد النبی گھر گھر منعقد ہورہی ہیں پرچم کشائی کی تقریبات میں اضافہ میلاد مصطفےٰ کمیٹی کی جدوجہد محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس اور مرکزی جلسے کیلئے غلامان رسول بے چین ہیں ان پروگراموں میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر حضور نبی کریم سے اپنی والہانہ عقیدت محبت کا خوب اظہار کریں گے۔