سونیا حسین کو کون سی فلم کا چیک نہیں ملا؟

اداکارہ سونیا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک فلم کا چیک اب تک نہیں ملا ہے۔

ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی انڈسٹری کی ورسٹائل اداکارہ سونیا حسین نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جس میں راز بتانے سے متعلق ایک کھیل کھیلا گیا۔

اداکارہ سے میزبان نے پوچھا کہ انڈسٹری کے حوالے سے اپنے کسی راز سے پردہ اٹھائیں جس کے جواب میں سونیا کا کہنا تھا کہ ‘ہاں مجھے فلم ٹچ بٹن کا چیک اب تک موصول نہیں ہوا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘دو سال ہوگئے ہیں پوری فلم کرلی ہے لیکن اس کا چیک اب تک نہیں ملا اور یہ ایک راز تھا تاہم وجہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم چیک کیوں نہیں دیا گیا’۔

واضح رہے فلم ٹچ بٹن اداکارہ عروہ حسین کی پروڈکشن میں بننے والی پہلی فلم تھی جس کی ہدایتکاری قاسم علی مرید نے کی۔ فلم میں سونیا حسین کے ہمراہ فیروز خان، فرحان سعید اور ایمان علی نے مرکزی کردار ادا کیے۔

فلم گزشتہ برس عید الفطر کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنائی جانی تھی لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے فلم کی ریلیز روک دی گئی تھی۔