سعد رفیق کے گناہ پر اعظم سواتی استعفیٰ دے دیں یہ بے تکی بات ہے: فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈہرکی ٹرین حادثے میں وزیر ریلوے اعظم سواتی سے استعفے کے مطالبے کو بے تکا قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر کیا کرسکتا ہے، وزیر خامیاں اور اس کا حل بتاتا ہے، وزیر کی ہدایت پر عملدرآمد کے بعد حادثہ ہوگا تو وہ ذمہ دار بھی ہوگا۔

انہوں نے سابق وزیر ریلوے کا نام لے کر کہا کہ سعد رفیق کے گناہ پر اعظم سواتی استعفی دے دیں یہ بے تکی بات ہے، پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، یہ  لوگ اتنے سال حکمران رہے، کیا کرتے رہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کا منصوبہ مکمل ہوگا تو حادثات میں کمی آئے گی، حادثے کی وجوہات پر اتنی جلدی کوئی بیان نہیں دے سکتا، جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔