ختم نبوت کورس کے ذریعے مسلمانوں کو اسلام کے بنیادی عقائد سے آگاہی دینا آج کے دور کی انتہائی ضرورت ہے

سکھر (رپورٹ۔امداد علی گل کلوڑ )ملک کے ممتاز عالم دین علامہ سید ارشد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ ختم نبوت کورس کے ذریعے مسلمانوں کو اسلام کے بنیادی عقائد سے آگاہی دینا آج کے دور کی انتہائی ضرورت ہے ختم نبوتﷺ فورم کی کاوشیں لائق تحسین اور قابل تقلید ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ختم نبوتﷺ فورم کے رہنما محمد جاوید قادری اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد جاوید قادری نے علامہ سید ارشد سعید کاظمی کو ختم نبوت کورس کا مجلہ پیش کیا اس موقع پر سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب اور دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ سید ارشد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ دین اسلام میں عقیدہ توحید کے ساتھ ساتھ اہم اور بنیادی عقیدہ ختم نبوتﷺ پر کامل ایمان رکھنے کا ایمانی عقیدہ ہے انہوں نے کہا کہ در حقیقت حضور نبی کریم ﷺ کی ختم نبوتﷺ امت مسلمہ پر اللہ رب العزت کا احسان عظیم ہے عقیدہ ختم نبوتﷺ نے امت کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ قادیانیت کا رد کرنے کی اشد ضرورت ہے ختم نبوتﷺ فورم کی جانب سے ختم نبوتﷺ کورس کا انعقاد بہت احسن اور دینی خدمت ہے ختم نبوتﷺ فورم کے نوجوان عشق رسول ﷺ کے جذبے سے سرشار ہوکر جو کام اخلاص کے ساتھ کررہے ہیں اس پر بہت خوشی ہوتی ہے اللہ تعالیٰ ان مخلص نوجوانوں کو مزید ہمت عطا فرمائے اور ان کی کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ خالق کائنات اللہ رب العزت نے آپ ﷺ کو دنیا میں بھیج کر بعثت انبیاء کا سلسلہ ختم فرمادیا اب آپ ؐ کے بعد کوئی نبی مبعوث نہیں ہوگا ختم نبوت ﷺکا ذکر قرآن مجید میں نہایت ہی جامع اور بلکل واضح انداز میں صراحت کے ساتھ کیا گیا ہے۔