امریکی ڈالر مزید سستا، روپے کی قدر کا تیزی سے بحال ہونے کا سلسلہ جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کا تیزی سے بحال ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی کرنسی ایک مرتبہ پھر 55 پیسے سستی ہو گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 55 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 154 روپے 59 پیسے سے کم ہو کر 154 روپے 04 پیسے ہو گئی ہے۔

چیئر مین فارن ایکسچینج کرنسی ڈیلرز ملک بوستان نے کہا ہے کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کا سستا بہت اہم ہے، قوی امکان ہے کہ آئندہ ماہ کے آخر تک یہ سلسلہ برقرار رہے گا۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کی تین بڑی وجوہات ہیں، وزیراعظم عمران کی طرف سے جاری کردہ پروگرام ڈیجیٹل روشن پروگرام، ریکارڈ ترسیلات زر کا موصول ہونا اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی طرف سے پاکستان کو قرض پروگرام کی دوسری قسط کا موصول ہونا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ تک پاکستان کو بین الاقوامی ادائیگیوں کے لیے بھی وقت مل گیا ہے، اس ادائیگیوں کے مؤخر ہونے سے روپیہ مضبوط ہو گا۔ آئندہ دو ماہ کے اندر روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت 145 روپے کی سطح پر پہنچ سکتی ہے۔