افغان امن عمل آخری مرحلے میں داخل ہو چکاہے: شاہ محمود قریشی

کابل: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ افغان امن عمل آخری مرحلہ میں داخل ہو چکاہے۔

دورہ افغانستان سے متعلق بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان امن عمل سے متعلق دوحا میں بات چیت چل رہی ہے اور امن عمل آخری مرحلہ میں داخل ہو چکاہے جب کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ کابل کا مقصد اسی پیغام کا اعادہ ہے اور پاکستان اس سلسلے میں اپنی پوری معاونت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ دورہ کابل سے پاک افغان دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا ہے، دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے پرافغان قیادت کے ساتھ اہم نشستیں ہوئیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ افغانستان وزیر اعظم عمران خان کے اس دورہ کا منتظر تھا، وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔